اسلام آباد(آئی این پی ) اسلام آباد کے علاقے بلیوایریا میں ایک شخص وزیراعظم بنانے کا مطالبہ لے کر موبائل سگنل کے ٹاور پر چڑھ گیا، ریسکیو اہلکاروں نے پولیس کے ساتھ مل کر اس شخص کو موبائل ٹاور سے نیچے اتارا، پولیس نے اسے حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے بلیو ایریا میں دلچسپ واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص ہاتھ میں قومی پرچم اٹھائے موبائل سگنل کے ٹاور پر جا چڑھا اور اس نے خود کو وزیراعظم بنانے کا مطالبہ کیا۔ اس شخص کا تعلق
سرگودھا سے ہے اور اس کا موقف ہے کہ اسے وزیراعظم بنایا جائے، وہ پاکستان کے معاشی حالات ٹھیک کرے گا اور 6 ماہ میں ملک کا قرضہ اتار دے گا۔اس کے علاوہ مذکورہ شخص نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ وزیراعظم عمران خان اور ڈی پی او سرگودھا کے علاوہ کسی سے بات نہیں کرے گا اور بات کرانے تک نیچے بھی نہیں اترے گا۔نجی ٹی وی کے مطابق انتظامیہ نے وزیراعظم بتا کر اس کی بات ایک فنکار شفاعت علی سے کرادی ،جس نے جعلی وزیراعظم بن کر اس سے بات کی جس کے بعد یہ شخص نیچے اترآیا۔