لاہور(نیوز ڈیسک) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ہسپتالوں میں مریضوں کے تیمارداروں کیلئے شیلٹر زبنانے کی ہدایت کر دی ،ابتدائی مرحلے میں لاہور کے 4 بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کے لواحقین کوسردی سے بچا ئوکیلئے انتظامات کئے جائیں گے۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیرصدارت لاہور کے بڑے ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کا اجلاس ہوا۔وزیر صحت نے ہدایت کی کہ ابتدائی مرحلے میں چار بڑے ہسپتالوں جناح، جنرل، سروسز ہسپتال اور کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں
ایک ہفتے میں شیلٹر زبنائے جائیں۔راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال میں بھی مریضوں کے لواحقین کے لئے شیلٹر بنے گا۔اجلاس اجلاس میں ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان نے شیلٹر زکے لئے جگہوں کی نشاندہی کی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق شیلٹر زبنائے جارہے ہیں، اگلے مرحلے میں دیگر ہسپتالوں میں بھی سردی سے بچائو کا بندوبست کیا جائے گا۔ڈاکٹر یاسمین راشدنے ہدایت کی کہ سرد موسم میں ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں بیڈز کی تعداد بھی بڑھائی جائے۔