اسلام آباد(آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن قبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے 100دن ملک پر بھاری پڑے ہیں،پی ٹی آئی کی حکومت نے ملکی ترقی کا سفر روک کر ریورس گیئر لگا دیا ہے،مسلم لیگ(ن )اور تبدیلی والوں کی کارکردگی عوام کے سامنے آگئی ہے،
چیئرمین نیب نے احتساب کرنا ہے تو 1999سے ق لیگ کا رکا ہوا احتساب شروع کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مسلم لیگ(ن) کیلئے نہیں پاکستان کیلئے مشکل ثابت ہورہی ہے۔جس طرح عمران خان کو حکومت میں لایا گیا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔پی ٹی آئی کی حکومت کا ہر دن مسلم لیگ(ن) کیلئے بہتر ثابت ہو رہا ہے۔ اب عوام کو موازنہ کرنے میں آسانی ہو رہی ہے کہ ن لیگ کی حکومت کی کارکردگی کیا تھی اور تبدیلی والوں کی کیا کارکردگی ہے۔پی ٹی آئی کی حکومت نے ملکی ترقی کا سفر روک کر ریورس گیئر لگا دیا ہے۔پی ٹی آئی کی حکومت کے 100دن ملک پر بھاری پڑے ہیں۔ ڈالر کی قیمت تاریخی میں سب سے زیادہ بڑھی ہے، مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔مسلم لیگ(ن) احتساب کے ساتھ ہے لیکن احتساب سب کا ہونا چاہیے۔ اگر صرف اپوزیشن جماعتوں کا احتساب ہو گا تو اسے کوئی بھی قبول نہیں کرے گا۔عمران خان کا احتساب مشرف کے آمر سے مختلف نہیں ہے۔ مشرف کے مارشل لاء کے وقت بھی ق لیگ کو استثنیٰ دے دیا گیا اور مسلم لیگ(ن) کو ٹارگٹ کیا گیا۔ اگر چیرمین نیب احتساب کیلئے سنجیدہ ہیں تو سب سے پہلے ق لیگ کا رکا ہوا احتساب شروع کریں۔