اسلام آباد(آئی این پی) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں یہ انکشاف کیا ہے کہ افغانستان، پاکستان کو ہمارے قیدیوں کی تفصیلات فراہم نہیں کررہا ہے۔ پیرکوقومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افسوس سے کہتا ہوں کہ افغانستان بار بار درخواست کے باوجود قید پاکستانیوں کی تفصیلات نہیں دے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں قید پاکستانیوں پر الزامات سے متعلق بھی سفارتخانے کو آگاہ نہیں کیا جارہا ہے۔پاکستان کے وزیرخارجہ
نے قومی اسمبلی میں یہ ہولناک انکشاف بھی کیا کہ ہمارے سفارتخانے کو قیدیوں تک کونسلر رسائی بھی نہیں دی جاتی ہے۔مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں قید پاکستانیوں پر زیادہ تر دہشت گردی کے الزامات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اعلی سطح پر بھی افغان حکومت کے ساتھ اس مسئلے کو بار بار اٹھایا ہے۔پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں واضح کیا کہ حکومت پاکستان افغان سفارتخانے کو مکمل تعاون فراہم کرتی ہے۔