لاہور(نیوز ڈیسک) کوٹ لکھپت جیل میں سزاپور ی کرنے کے باوجود جرمانہ ادا نہ کر سکنے والے 32قیدیوں کو جرمانہ کی ادائیگی پر رہا کر دیا گیا۔ قیدیوں کے جرمانے کی رقم گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے ادا کی ۔ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قیدیوں کی رہائی کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جس میں مہمان خصوصی گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے سزاپور ی کرنے والے قیدی جن پر ایک لاکھ سے کم جرمانہ تھا ان کی رہا ئی کا اعلان کیا گیا۔ چوہدری محمد سرور نے 1 لاکھ جرمانے
والے قیدیوں کی رقم ادا کی۔ گورنر پنجاب کی جانب سے قیدیوں کے جرمانے کی مد میں 12 لاکھ 73 ہزار روپے جرمانہ اداکیا گیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری سرورکا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قیدی بھی اسی معاشرے کا حصہ ہیں جب ان کی سزا پوری ہو جائے تو معاشرے کو انہیں قبول کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے زیادہ دنیا میں کہیں بھی مخیر حضرات نہیں ہیں۔موجودہ حکومت جیلوں میں قید خواتین اور بچوں کی تعلیم تربیت کے لئے خصوصی توجہ دے رہی ہے۔