اسلام آباد (آئی این پی) وزیر اعظم عمران خان کو یورپی پارلیمنٹ کے صدر انتونیو تاجانی نے ٹیلیفون کیا جس میں وزیر اعظم نے ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کے احترام کی ضرورت پرزور دیا اور کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے ڈائیلاگ ناگزیر ہیں، یورپی پارلیمنٹ کے صدر آسیہ بی بی اور ان کے خاندان کے تحفظ کو یقینی بنانے پر شکریہ ادا کیا ۔ منگل کو یورپی پارلیمنٹ کے صدر انتونیو تاجانی نے وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلیفون کیا ۔
انتونیو تاجانی نے پاکستان کے ساتھ یورپی پارلیمنٹ کے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ یورپی پارلیمنٹ میں آسیہ بی بی کے معاملے پر بحث ملتوی ہو گئی ہے ۔ صدر یورپی پارلیمنٹ نے آسیہ بی بی اور ان کے خاندان کا تحفظ یقینی بنانے پر شکریہ ادا کیا ۔ وزیر اعظم عمران خان نے ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کے احترام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے ڈائیلاگ ناگزیر ہے ۔ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتی ہے ۔ آئین کے تحت آسیہ بی بی اور ان کے خاندان کو تمام حقوق حاصل ہیں ۔ وزیر اعظم نے گستاخانہ خاکوں پر حکومت اور عوام کی طرف سے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ یورپی پارلیمنٹ کو ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے کوششوں کو تیز کرنا ہو گا ۔ یورپی ملک مسلمانوں کے مذہبی جذبات کے بارے میں آگاہی پیدا کریں ۔ وزیر اعظم نے توہین آمیز اقدامات کی روک تھام کے لئے یورپی عدالت کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ توقع ہے یورپی ممالک عدالتی فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے ۔ توقع ہے یورپی ملک بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے اقدامات کرینگے ۔