جامشورو(این این آئی)وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ میری دہری شہریت پربات کرنے والے ثابت کردیں تو مستعفی ہوجاؤں گا، اٹھارہویں ترمیم میں کچھ چیزیں اچھی بھی ہیں۔جامشورو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ
مرتضی وہاب الیکٹڈ ہیں اور نہ ہی سلیکٹڈ ان کی بات کا کیا جواب دوں؟ میری دہری شہریت پربات کرنے والے اگر ثابت کردیں تو عہدے سے مستعفی ہوجاؤں گا اور جو میری دہری شہریت ثابت نہ کرسکے وہ اپنی سزا کا بھی تعین کرے۔فیصل واوڈا نے کہا کہ18ویں ترامیم سے متعلق جو کچھ کہا وہ میری ذاتی رائے ہے، اس ترمیم کے تحت بعض معاملات خراب کئے گئے، اس میں کچھ اچھی تو کچھ بری چیزیں بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے ملک اور اب صوبے کو لوٹنے کا نعرہ لگایا گیا ہے، کرپشن سے متعلق جو بھی ملوث ہوا نیب کو خود کیس دوں گا، کرپشن میں بڑی گردنیں نکل جاتی ہیں، غریب پھنس جاتے ہیں، کسی غریب کو پھنسنے نہیں دوں گا چاہے وہ نواز شریف کا آدمی کیوں نہ ہو۔وفاقی وزیر نے کہا کہ شہر کا پانی چوری کیا جارہا ہے، کراچی اور سندھ کے عوام کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دوں گا، سندھ حکومت ناکام ہو گئی۔فیصل واوڈا نے کہا کہ کراچی کا پانی چوری کرکے ٹینکرمافیا کی ملی بھگت سے فروخت کیا جارہا ہے، سندھ میں پانی کی قلت ہے،12ارب روپے ہضم کئے جارہے ہیں، 12ارب روپے فیڈریشن کی ملکیت ہیں، میں کراچی اور سندھ کے عوام کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دوں گا۔انہوں نے کہا کہ بہت سے ایشوز حل کئے، پانی کے وال بھی مضبوط کرنا آتے ہیں، ڈیم میں کرپشن سے متعلق نیب کو کیس ریفر کیا جائے گا، سوا ارب کی خاطر سندھ حکومت کو11ارب ضائع نہیں کرنے دوں گا۔