کراچی(این این آئی)جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں حیران کن واقعات کا سلسلہ جاری ہے، فالودے اور رکشے والے کے بعد ایک مردہ شخص کے نام پربینک اکاؤنٹس نکل آئے۔تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش قبرستان تک پہنچ گئی، مردہ شخص کے بینک اکاؤنٹ سے اربوں روپے کی منتقلی کا انکشاف ہوا ہے۔تفتیشی اداروں نے مئی 2014 میں انتقال کرنے والے اقبال آرائیں کے نام سے موجود اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کر لی،جس سے اربوں روپے کی ٹرانزیکشنز کی گئی۔ذرائع کے مطابق اقبال آرائیں
کے اکاؤنٹ سے مجموعی طور پر 4 ارب 60 کروڑکی ٹرانزیکشن کی گئی۔واضح رہے کہ اقبال آرائیں کا انتقال 9 مئی 2014 کو شہید ملت روڈ پرواقع اسپتال میں ہوا تھا، مرحوم کی تدفین سخی حسن قبرستان میں کی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق محمداقبال آرائیں کے نام پر 4 بینک اکاؤنٹ کھولے گئے، ان چار کھاتوں کے لیے تین مختلف بینکوں کا انتخاب کیا گیا تھا۔ان چاروں بینک اکاؤنٹس کو رقوم کی منتقلی کے استعمال کیا گیا۔یاد رہے کہ منی لانڈرنگ سے متعلق تحقیقات میں روز روز نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں.