لاہور(آن لائن) مسلم لیگ (ن)کے تاحیات قائد نواز شریف نے ضمنی انتخابات کے موقع پر پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ ووٹ چوری ہونے سے بچائیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف نے ضمنی انتخابات کے لئے پارٹی رہنماؤں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی رہنما ووٹ چوری ہونے سے بچائیں،اراکین قومی اسمبلی اور امیدوار آر او آفس میں موجود رہیں اور حتمی نتائج موصول ہونے تک آر او آفس میں موجود رہیں۔انہوں نے کارکنوں
کو ہدایت کی کہ وہ پولنگ اسٹیشن پر محتاط رہیں اور اگر کہیں بھی کچھ غلط نظر آئے تو اس پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا جائے ۔انہوں نے کہاکہ 25جولائی کے انتخابات میں بھی مختلف طریقوں سے دھاندلی کی گئی لہذا کارکن محتاط رہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے رہنما حمزہ شہباز کی بھی پولنگ کے بعد آر او آفس آمد متوقع ہے اور وہ کارکنوں کا جوش و جذبہ بڑھانے کیلئے مختلف پولنگ سٹیشنز کا دورہ بھی کریں گے ۔