اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ کے حکم پرہیلمٹ نہ پہننے والوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں ۔پنجاب کے شہر صادق آباد میں اے ایس آئی ٹریفک پولیس امتیاز عباس نے اپنے بیٹے کا ہیلمٹ نہ پہننے پر چالان کر دیا ۔صادق آباد کے اے ایس آئی ٹریفک پولیس امتیاز عباس نے فرض شناسی کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے ہیلمٹ نہ پہننے پر
بیٹے کا 200 روپے کا چالان کیا۔واضح رہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ہیلمٹ نہ پہننے پر جرمانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں اور موٹر سائیکل سوار کے لیے ہیلمٹ پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔دوسری جانب ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہیلمٹ نہ پہننے والوں کے خلاف صوبے بھر میں بلاتفریق کارروائی کی جائے گی۔