کوئٹہ (این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قومی ہم آہنگی اور کوششوں سے ملک اور صوبوں کو امن ، ترقی و خوشحالی کی منازل پر لے جایاجا سکتا ہے ، وفاقی و صوبائی حکومتوں کے تعاون ،پاک فوج کی مدد اور جامع قومی کاوشوں سے بلوچستان کی حقیقی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جاسکتا ہے ،یہ بات انہوں نے ہفتہ کو ہیڈ کوارٹر سدرن کمانڈ کوئٹہ کے دورہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی ،
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال ، وفاقی وزرا ء خسروبختیار، فواد چوہدری بھی انکے ہمراہ تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ، وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال ،وفاقی وزراء نے ہفتہ کو ہیڈ کوارٹر سدرن کمانڈ کوئٹہ کینٹ کا دورہ کیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ ائیر بیس آمد پر وزیراعظم کا استقبال کیا ،وزیراعظم کو بلوچستان کی سکیورٹی صورتحال،صوبے کو درپیش چیلجز سے نمٹنے کے لئے کیے جانے اقدامات پر مفصل بریفنگ دی گئی ،وزیراعظم کوصوبے کی سماجی اقتصادی ترقی کیلئے شروع کیے جانے والے خوشحال بلوچستان پروگرام ،سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی اور پاک افغان بارڈر پر باڑ لگا نے کے معاملات پر بھی بریف کیا گیا ،اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا اقتصادی مستقبل ہے خیبر پختو نخواء کے شورش زدہ علاقوں میں استحکام آنے کے بعد ہماری توجہ بلوچستان پر مرکوز ہے ، اس موقع پر وزیراعظم نے بلوچستان میں امن و استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے سکیورٹی فورسز کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے اصل تشخص اور صلاحیتوں کو قومی کاوشوںسے ہی بروئے کار لایا جاسکتا ہے ،اس حوالے سے وفاقی و صوبائی حکومتیں اور پاک فوج ملکر کام کریں گے اور بلوچستان کی اصل صلاحیتوںکو ابھاریں گے ۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ جامع قومی کوششوں سے پاکستان کو پر امن ،ترقی یافتہ ملک بنائیں گے