اسلام آباد (نیوز ڈیسک) توہین رسالتؐ کے الزام میں موت کی سزا سنائے جانے والی مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی اپیل سپریم کورٹ نے سماعت کے لیے مقرر کردی ہے، 8 اکتوبر کو سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں درخواست کی سماعت کرے گا۔ اس حوالے سے سپریم کورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور دیگر کو نوٹس جاری کر دیے
ہیں۔ واضح رہے کہ مسیحی خاتون آسیہ بی بی کو توہین رسالتؐ کا جرم ثابت ہونے پر ٹرائل کورٹ نے سزائے موت سنائی تھی۔ اس کے بعد ہائیکورٹ نے بھی آسیہ بی بی کی اس سزا کو برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا تھا، آسیہ بی بی نے موت کی سزا کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہوا ہے اور اس کا کیس سپریم کورٹ میں 2015ء سے زیر سماعت ہے۔