لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) نیب لاہور نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور ن لیگ کے صدر میاں شہباز شریف کو آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل میں باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ میاں شہباز شریف کو ہفتہ کے روز احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، ن لیگ کے صدر میاں شہباز شریف پر غیر قانونی ٹھیکے دینے کا الزام ہے۔ رپورٹ میں نیب ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل میں فواد حسن فواد وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں، فواد حسن فواد نے میاں شہباز شریف کے خلاف تحریری بیان میں اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جو کچھ کیا وہ شہباز شریف کے کہنے پر کیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ نیب کی طرف سے سابق وزیراعلیٰ و ن لیگ کے صدر میاں شہباز شریف پر یہ گیارہ الزامات لگائے گئے ہیں، انہوں نے غیرقانونی طور پرٹھیکہ پی ایل ڈی سی کو دیا، ٹھیکہ پیراگون کودلوانے کے بعد معاملہ پی ایل ڈی سی کے حوالے کیا گیا، انہوں نے پی ایل ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو بائی پاس کیا، میاں شہباز شریف نے ہاؤسنگ سکیم کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ بنانے کے لیے غیرقانونی اقدامات کیے، انہوں نے 2013ء میں لطیف اینڈ سنز کے ساتھ ٹھیکہ منسوخ کیا، آشیانہ ہاؤسنگ کا تعمیراتی ٹھیکہ میاں شہباز شریف نے ایل ڈی اے کو دلوایا، ایل ڈی اے منصوبہ مکمل نہ کر سکا، جس سے خزانے کو 71 کروڑ سے زائد کا نقصان ہوا، کنسلٹنسی کا ٹھیکہ میاں شہباز شریف نے ایم ایس انجینئر سروس کو دیا اور ایم ایس انجینئرکنسٹلنسی سروس کو 19 کروڑ 20 لاکھ روپے میں یہ ٹھیکہ دیا گیا۔واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے سابق وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی گرفتاری کیخلاف نیب کے دفتر کے باہر احتجاج کیا، کارکن ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے، غنڈہ گردی بند کرو، میاں تیرے جانثار بے شمار بے شمار، شیر شیر کے نعرے لگاتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی گرفتاری کی اطلاع ملتے ہی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد ٹھوکر نیاز بیگ پر واقع نیب کے دفتر کے باہر پہنچ گئے اور قیادت سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نعرے لگائے۔ کارکنوں نے میاں تیرے جانثار بے شمار بے شمار، ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے، غنڈہ گردی بند کرو اور شیر شیر کے نعرے لگاتے رہے۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی نیب کے مرکزی درواز ے اور اطراف میں تعینات رہی تاہم کارکنوں کے احتجاج کو روکنے کیلئے کسی طرح کی مداخلت نہ کی گئی۔ حلقہ این اے 124کی ضمنی انتخابی مہم میں مصروف کارکنوں نے بھی شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف نعرے لگائے۔