لاہور( این این آئی)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب و مسلم لیگ (ن ) کے صدر محمد شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد ان کے صاحبزادوں حمزہ شہبازاور سلمان شہباز نے قانونی ماہرین سے ملاقات کی ۔ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے شہباز شریف کی گرفتار ی کے بعد شریف خاندان کے قانونی معاملات دیکھنے والے سینئر وکلاء فوری طور پر ماڈل ٹاؤن پہنچ گئے جہاں انہوں نے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز سے ان کے والد
کی گرفتاری اور آئندہ کے حوالے سے مشاورت کی ۔ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے ہمراہ آج( ہفتہ ) کے روز شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر احتساب عدالت بھی جائیں گے۔ذرائع کے مطابق قانونی ماہرین نے رائے دی ہے کہ شہبازشریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد ہی صورتحال واضح ہوگی کہ ان پر کس قسم کے الزامات عائد کئے جارہے ہیں اس کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیاجاسکے گا۔