کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ بھر میں بچوں کی گمشدگی کی وارداتیں بڑھ رہی ہیں وہیں شہر قائد کراچی میں بھی یہی حال ہے، والدین انتہائی تشویش کا شکار ہیں ، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کے اغوا میں جنات ملوث ہیں، پولیس کی اس منطق نے تشویش میں مزید اضافہ کر دیا ہے، ڈی آئی جی سی آئی اے امین یوسف نے عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب تک 219 بچے واپس آ گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بچے اغوا نہیں ہو رہے بلکہ کچھ بچے والدین سے
ناراض ہو کر گھر سے بھاگ جاتے ہیں، کچھ بچے بہن بھائیوں سے لڑ کر اور کچھ دیگر وجوہات کی وجہ سے گھر چھوڑ کر چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں لوگ بہت پریشان ہیں، اللہ انہیں پریشانی سے نجات دلائیں۔ اس موقع پر ڈی آئی جی سی آئی اے امین یوسف نے کہا کہ ایک بچی کو تو جن اغوا کرکے لے گئے تھے، انہوں نے کہا کہ جن کا تو ہمارے پاس کوئی فارمولا نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ جس طرح بتایا جا رہا ہے اس طرح بچے اغوا نہیں ہو رہے ہیں، انہوں کہا کہ تمام بچے بازیاب ہوں گے۔