اسلام آباد(این این آئی)اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان رواں ماہ ہونے والے ضمنی انتخابات مل کر لڑنے پر اتفاق کرلیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)کے وفود کے درمیان ملاقات پارلیمنٹ لاجز میں ہوئی جس میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ضمنی انتخابات مل کر لڑنے پر اتفاق کیا۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے
پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر بخاری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے وفد سے ملاقات ہوئی ہے جس میں ضمنی انتخابات سے متعلق بات چیت کی گئی انہوں نے کہاکہ ضمنی انتخابات کیلئے مشترکہ امیدوار لائیں گے، ضمنی انتخابات میں مشترکہ امیدواروں کی حمایت کریں گے، ضمنی انتخابات سے متعلق دوسری جماعتوں سے بھی بات کررہے ہیں۔سینئر رہنما پیپلز پارٹی قمر زمان قائرہ نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک دوسرے کے امیدواروں کی حمایت کرے گی،کراچی، رحیم یار خان میں پیپلز پارٹی کو ن لیگ سپورٹ کرے گی، این اے 103 پر مشترکہ امیدوار سے متعلق مشاورت نہ ہو سکی، پنجاب میں پیپلزپارٹی ن لیگ کو سپورٹ کرے گی اور مشترکہ انتخابی مہم چلائیں گے۔اس حوالے سے ن لیگ کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی نے ن لیگ کی حمایت کا اعلان کیا ہے، ہم مل کر انتخابی عمل میں ایک دوسرے کا ساتھ بھی دیں گے۔انہوں نے کہاکہ نواز لیگ پیپلزپارٹی کی سندھ کے تمام حلقوں میں سپورٹ کریگی ٗ انتخابی مہم میں دونوں کے رہنما شریک ہونگے۔انہوں نے کہاکہ تاندلیاں والہ کے علاوہ باقی تمام حلقوں میں ایک دوسرے کے امیدواروں کی انتخابی مہم میں بھی شریک ہونگے ۔