کراچی (این این آئی)درخشاں پولیس نے ڈیفنس کے علاقے میں پولیس اہلکار پر تشدد کرنے والے تیسرے ملزم سنن شیخ کو گرفتار کرلیا،ملزم سنیٹر اسلام الدین شیخ کابیٹا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس خیابان شہباز پر کار سوار چار لڑکوں نے ڈیوٹی پر جانیوالے پولیس اہلکار بابر کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
عینی شاہدین کے مطابق چاروں افراد نشے میں تھے، بعد ازاں پولیس نے بابر کی مدعیت میں چار ملزمان کیخلاف درج کیا تھا، ایف آئی آر کے اندراج کے بعد پولیس نے دوملزمان سندیب کمار اور روحیل حسن کو گرفتار کرلیا تھا تاہم مقدمے میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے پولیس نے سندھ کی اہم سیاسی شخصیت سنیٹراسلام الدین شیخ کے بیٹے سنن شیخ کو حراست میں لے لیاہے۔ملزم کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے، ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کے حوالے سے پولیس پراس کے خلاف کارروائی نہ کرنے کے لیے دباؤ بھی ڈالا جا رہا ہے ۔ایف آئی آر کے حوالے سے پولیس نے بتایاکہ ملزمان کی کی گاڑی خیابان شہباز پر کسی منی ٹرک سے ٹکرائی تھی، جس پر سندیپ اور ٹرک ڈرائیور کے درمیان جھگڑا ہوا اس دوران وہاں سے گزرنے والے پولیس اہلکار نے معاملہ رفع دفع کرانے کوشش کی تو نشے میں دھت ملزمان اہلکار بابر پر چڑھ دوڑے اور اسے مار مار کر لہو لہان کردیا، سندیب اور اس کے ساتھیوں نے باوردی اہلکار پر لوہے کی راڈ سے تشدد کیا۔