اسلام آباد (آئی این پی )وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں5 نئے وزرا اور ایک وزیر مملکت کی شمولیت کی منظوری دے دی جس کے بعد کابینہ کا حجم 34 تک پہنچ جائیگا۔وزیراعظم نے وفاقی کابینہ میں چوتھی بار توسیع کی منظوری دی ہے ،نئے وزرا کے اضافے سے قبل وفاقی کابینہ کی تعداد 28 ہے ۔منگل کو نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق عمران خان نے عام انتخابات میں کراچی میں شہبازشریف کو شکست دینے والے فیصل واؤڈا ،مولانا فضل الرحمن کوڈیرہ اسماعیل خان میں ہرانے والے
علی امین گنڈا پور کو بھی وزیر بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اندرون سندھ سے واحد پی ٹی آئی ایم این اے محمد میاں سومروکو بھی منانے کیلئے وزیر بنانے کا فیصلہ کیا ہے ،انہیں اس سے قبل وزیر مملکت بنانے کا فیصلہ ہوا تھا مگر وہ حلف برداری کی تقریب میں شرکت کئے بغیر لوٹ آئے تھے۔ذرائع کاکہناہے کہ میاں محمد سومرو بھی وفاقی کابینہ کا حصہ بننے پر تیار ہوگئے ہیں، وزیراعظم کے حالیہ دورہ کراچی میں میاں محمد سومرو سے ملاقات میں معاملات ٹھیک کرلئے گئے اور وہ وفاقی وزیربنیں گے۔