اسلام آباد (این این آئی)ڈی پی او پاکپتن تبادلہ کیس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے دوست احسن جمیل گجر نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔نجی ٹی وی کے مطابق احسن جمیل گجر نے اپنے معافی نامے میں لکھا کہ وہ قانون کے پابند شہری اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں اور حکومت کے انتظامی کام میں مداخلت کا کبھی نہیں سوچا۔انہوں نے لکھا کہ وزیر اعلیٰ ہاؤس اجلاس میں خاور مانیکا اور ان کی فیملی کا موقف پیش کرنے کیلئے شریک ہوا، اپنے اس اقدام پر شرمندہ ہوں
اور عدالت کو یقین دلاتا ہوں کہ آئندہ ہمیشہ قانون کے مطابق رویہ اختیار کروں گا۔واضح رہے کہ ڈی پی او پاکپتن رضوان گوندل کے تبادلے کے ازخود نوٹس کی گزشتہ سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے سابق آئی جی پنجاب کلیم امام کی انکوائری رپورٹ مسترد کرتے ہوئے نیکٹا کے سربراہ خالق داد لک کو معاملے کی ازسر نو تحقیقات کا حکم دیا تھا۔سماعت کے دوران احسن جمیل گجر نے اپنے رویے کی غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا تھا۔