اسلام آباد (آن لائن)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے خلاف ضابطہ اشتہارات کے اجراء کیس میں 55 لاکھ روپے کا چیک جمع کرانے پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ یہ قانون کی حکمرانی ہے ،شہباز شریف کے رضاکارانہ کے اقدام کو سراہتے ہیں ۔منگل کے روز سابق پنجاب حکومت کی جانب سے خلاف ضابطہ اشتہارات کے اجراء سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے وکیل نے 55 لاکھ روپے کا نیا چیک عدالت میں پیش کیا اور پرانا چیک واپس کرنے کی استدعا کی جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کو پرانا چیک مل جائیگا اور استفسار کیا کہ کیا یہ55 لاکھ کا چیک ڈیم فنڈز میں جائے گا یا قومی خزانے میں؟جس پر وکیل نے کہا کہ یہ عدالت پر منحصر ہے ۔شہباز شریف بھاشاڈیم کی مکمل حمایت کرتے ہیں ،سابقہ دور حکومت میں بھاشا ڈیم کیلئے122 ارب روپے مختص کئے۔