لاہور (آئی این پی) وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے انکشاف کیا ہے کہ سابقہ حکومت کے ایک اہم صوبائی وزیر سرکاری رہائش گاہ خالی کرتے وقت کارپٹ، صوفے، گدے اور واش رومز کے نلکے تک ساتھ لے گئے۔ یہ بات وزیر اطلاعات نے سینئر صحافیو ں سے ملاقات کے دوران بتائی اور کہا کہ صرف ایک ہی سابق صوبائی وزیر ہی نہیں باقیوں نے بھی ایسی حرکتیں کی ہیں اور جو نئے وزراء آئے ہیں
انہیں بھی اسی طرح کیمسائل کا سامنا ہے جس طرح کا مجھے کرنا پڑھ رہا ہے ۔ سوشل میڈیا پر جاری کی جانے والی ایک ویڈیو میں سینئر صحافی نے بتایا کہ وزیر اطلاعات نے جس سرکاری گھر میں رہائش اختیار کی ہے وہاں پنجاب کے سابق وزیر رانا مشہود نے اپنے دور حکومت میں رہائش رکھی ہوئی تھی ،سابق دور حکومت کے اختتام پر انہیں اپنی رہائش گاہ خالی کرنے کا حکم جاری کیا گیا ، رانا مشہود نے رہائش گاہ خالی کرتے وقت گھر کے تمام بیڈز کے گدے، صوفے ساتھ لے گئے جبکہ واش رومز میں نلکے تک بھی نہ چھوڑے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ جب انہوں نے متعلقہ سیکرٹری سے رابطہ کیا اور انہیں درخواست کی کہ رہائش گاہ میں کوئی بھی سہولت میسر نہیں ہے، یہاں نئی چیزیں مہیا کی جائیں تو سیکرٹری نے ایک جونیئر آفیسر کے ذریعے یہ آگاہ کیا کہ گزشتہ دور حکومت میں اس رہائش گاہ میں قیام کرنے والے سابق صوبائی وزیر جاتے ہوئے تمام چیزیں اپنے ساتھ لے گئے ہیں اور یہ صورتحال صرف ایک سرکاری رہائش گاہ تک محدود نہیں ہے بلکہ دیگر رہائش گاہوں کی بھی یہی صورتحال ہے۔