اسلام آباد (آن لائن) وفاقی کابینہ کے وزارت کیڈ کو ختم کرنے کے فیصلے کے بعد تاحال کیبنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن جعلی یا اصلی ہونے کی تصدیق نہ ہونے کی وجہ سے ادارے ابہام کا شکار ہیں دوسری جانب وزارت کیڈ نے اپنے ماتحت اداروں میں منظور نظر افراد کی ترقیوں اور دیگر نوعیت کے زیر التواء کیسوں کی فائلیں اداروں کے سربراہوں سے منگوانا شروع کردی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزارت کیڈ کو ختم کرنے کے فیصلے کے بعد کیبنٹ ڈویژن کی جانب سے 19 ستمبر کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس میں وزارت کے ماتحت فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن سی ڈی اے ‘ چاروں ہسپتال اور دیگر اداروں کو بالترتیب‘ وزارت قومی و صحت‘ وزارت تعلیم و تربیت سمیت متعلقہ وزارتوں کے حوالے کرنے کا حکم نامہ جاری کیا گیا تھا لیکن تاحال کسی بھی ادارے کو اس نوٹیفکیشن کے حوالے سے کوئی سرکاری لیٹر جاری نہیں کیا گیا ہے۔ جس کے باعث وزارت کیڈ کے ماتحت تمام اداروں میں کیبنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیا جارہا ہے اس حوالے سے تاحال کیبنٹ ڈویژن نے کوئی تردید بھی جاری نہیں کی ہے دوسری جانب وزارت کیڈ ختم ہونے اور نوٹیفکیشن کا باضابطہ اداروں کو آگاہی نہ ہونے کے باعث کیڈ نے منظور نظر افراد کی پینڈنگ اور پروموشن فائلیں منگوانا شروع کردی ہیں اس کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں ماتحت اداروں کی کئی اہم فائلیں وزارت ختم ہونے کے باعث روک دی گئی ہیں جس سے ان اداروں کے روز مرہ کے معاملات میں شدید قسم کی دشواریوں کا سامنا ہے۔