اسلام آباد( آن لائن ) کراچی میں قبضہ مافیا صدر مملکت عارف علوی کا پلاٹ بھی ہڑپ کر گئی۔ کٹنگ کے بعد پلاٹ فروخت بھی کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے کراچی میں 400گز کا پلاٹ1978ء میں خریدا تھا جو انہوں نے الیکشن کمیشن اور تحریک انصاف کو دی گئی اثاثوں کی تفصیلات میں بھی ظاہر کیا ہے۔ مگر موقع پر ان کے پاس پلاٹ نہ ہے بلکہ صرف کاغذات ہیں عارف علوی کے اس پلاٹ پر قبضہ مافیا نے
پہلے قبضہ کیا اور کٹنگ کے بعد پلاٹ فروخت بھی کر دیا ۔ حتیٰ کہ اس پلاٹ پر 2011ء میں مکان بھی تعمیر کر لیا گیا۔ عارف علوی کے اس پلاٹ کی 40سال قبل قیمت50ہزار روپے تھی یہ پلاٹ کے ڈی اے کے افسران کی ملی بھگت سے فروخت ہوا۔ عارف علوی نے 28فروری2017ء کو کے ڈی اے میں درخواست بھی دی مگر کوئی کارروائی نہ ہوئی عارف علوی صدر تو بن گئے مگر کئی سال گزرنے کے باوجود بھی اپنے پلاٹ کا قبضہ نہ چھڑا سکے ہیں۔