لاہور (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئی ۔تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کو جنرل الیکشن 2018ء میں اپنی شکست ہضم نہیں ہو رہی جس کی بنا ء پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا
ہے کہ پاک آرمی پاکستان کی سیاست میں پس پردہ رہ کر کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کے اس بیان پر بھارتی میڈیا کو پاکستان اور پاکستان کی فوج کے خلاف زہر اگلنے کا موقع مل گیا ہے، شاہد خاقان عباسی کے بیان پر پاکستان کے عوام سراپا احتجاج ہیں۔ قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملک دشمن بیان دینے پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرایا جائے اور پاکستان میں کسی بھی عہدہ کے لئے تاحیات ناہل قرار دیا جائے۔