اسلام آباد (این این آئی) دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے سمندر پار مقیم پاکستانی دل کھول کر عطیات دینے لگے ہیں، دبئی میں مقیم پاکستانیوں نے ایک عشائیہ میں 7 لاکھ 56 ہزار ڈالر عطیہ کئے ہیں۔ پیر کو پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر انہوں نے عشائیہ میں شرکت کی۔ دبئی کی معروف کاروباری شخصیات ممتاز مسلم اور امجد علی خان نے عشائیہ کا اہتمام کیا۔ دبئی کی معروف کاروباری
شخصیت ممتاز مسلم نے کہا کہ اگلے ایک دو روز میں 10 لاکھ ڈالر اکٹھا کرنے کا ہدف حاصل کرلیں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی امیدوں کا مرکز ہیں، وزیراعظم کی نظر میں بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے دل کھول کر ڈیم فنڈ میں عطیات جمع کرانے پر عشائیہ کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔