کراچی(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون نے قومی خزانے سے تنخواہ اور دیگر مراعات نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے بذریعہ خط اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو آگاہ کیا ہے کہ وہ سرکاری رہائش گاہ، روز مرہ اور سفری اخراجات نہیں لیں گے۔نجیب ہارون نے اپنے اس اقدام کی وجہ بیان کرتے ہوئے خط میں لکھا کہ وہ قومی خزانے
پر بوجھ ڈالنا نہیں چاہتے اور ان مراعات کے بغیر بھی پوری توجہ اور محنت سے قوم کی خدمت کرتے رہیں گے۔پی ٹی آئی رہنما کراچی کے حلقہ 256 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔نجیب ہارون پیشے کے اعتبار سے انجینئر ہیں۔ ان کا شمار پاکستان میں سب زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے سیاست دانوں میں ہوتا ہے۔ نجیب ہارون پاکستان تحریک انصاف کے بانی کارکنان میں سے ہیں۔