کراچی(آئی این پی) کراچی کی مقامی عدالت نے تھانہ مدینہ کالونی پولیس کے ہاتھوں گرفتار موبائل چوری کرنے والے 2 افغانیوں کو پیر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، اتوار کوجوڈیشل مجسٹریٹ ویسٹ کے روبرو تھانہ مدینہ کالونی پولیس کے ہاتھوں موبائل فون چوری کرنے والے اور کچرا اٹھانے والے 2 افغانیوں عصمت اللہ اور رحمت اللہ کو عدالت میں پیش کیا۔تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزموں کو 2 روز قبل تھانہ مدینہ کالونی کے حدود سے گرفتار کیا گیا ہے، ملزموں کو سی سی ٹی وی کیمروں اور شہریوں کی
مدد سے گرفتار کیا گیا، موبائل شاپ سے تقریبا 10 لاکھ روپے کے قیمتی موبائل چوری کیے گئے، 24 قیمتی موبائل فونز کو اپنے گروپ میں بانٹ دیا گیا، گروہ میں کم و بیش 25 افغانی شامل ہیں، گروہ کے افراد دن میں کچرا چنتے ہیں اور رات کو چوری اور اغوا کی وارداتیں کرتے ہیں، گروہ میں خواتین کی موجودگی کا بھی انکشاف ہوا ہے۔تفتیشی افسر نے استدعا کی ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے تفتیش کے لیے ریمانڈ دیا جائے، عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے دونوں ملزموں کو پیرتک پولیس کے حوالے کردیا۔