کوہاٹ(یواین پی) کوہاٹ کے نواحی علاقے زڑہ میلہ( جرما) میں واقع اسلامی مدرسہ اشاعت القرآن کے تین درجن سے زائد طلبہ کی حالت غیر ہوجانے پر ہسپتال پہنچادیا گیا۔بتایاجاتا ہے کہ یونین کونسل جرما کی حدود میں زڑہ میلہ نامی دیہی علاقے میں واقع اسلامی مدرسہ اشاعت القرآن میں زیرتعلیم تقریباً38 طلبہ کی حالت اْس وقت خراب ہوگئی جب اْنہوں نے گزشتہ شام رات کا کھانا کھایا۔مدرسہ کے منتظمین کے مطابق رات کے کھانے میں معمول کے مطابق سالن دیا گیاتھا جس کے بعد اْن طلبہ کی حالت غیرہوجانے پر
فوری طورپرڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ڈی اے پہنچا دیا گیا جہاں اْنہیں فوری طورپر ابتدائی طبی امداد فرہم کردی گئی۔ہسپتال ذرائع کے مطابق متاثرہ طلبہ کو فوڈ پوائزننگ ہوگئی تھی جنہیں اب ایمرجنسی وارڈ سے علاج کی غرض سے میڈیکل وارڈز میں منتقل کیا گیا ہے جہاں تمام طلبہ کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔ پولیس تھانہ جرما نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق طلبہ خوراک کی وجہ سے پیٹ کی بیماری کا شکارہوگئے تھے جن میں اکثر کو ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔