اسلام آباد ( آن لائن ) حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرانے کی تیاری کر لی۔ یکم اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت پٹرولیم کے ذرائع نے بتایا کہ یکم اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے اضافے کا امکان ہے۔
پٹرول کی قیمت میں 6 روپے 30 پیسے فی لٹر اضافہ کیا جائے گا۔جبکہ مٹی کا تیل 10 روپے، لائٹ ڈیزل 4 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 8 روپے 50 پیسے مہنگا ہونے کا امکان ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری وزارت پٹرولیم کی منظوری کے بعد دی جائے گی البتہ اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔ یاد رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ نے روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے پٹرول کی قیمت میں اضافے کا عندیہ دیا تھا۔خیال رہے کہ اس سے قبل گذشتہ ہفتے حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی تھی۔ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی گئی۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ غریب صارفین پر کم سے کم بوجھ ڈالا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب صارفین کو گیس پر یومیہ 80 پیسے اضافی دینا ہوں گے۔ایل پی جی کی درآمد پر ٹیکس کم کر کے 10 فیصد کر دیا گیا ہے۔۔ایل پی جی پر درآمدی ڈیوٹی میں کمی کردی گئی ہے جبکہ گھریلو سلنڈر 250 روپے سستا ہو گا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ امیر طبقے کے لیے گیس کی قیمتوں میں زیادہ اضافہ کیا گیا ہے۔ گیس کی قیمتوں کے سلیب میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ تاہم اب حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرانے کی تیاری بھی کر لی ہے جس پر حکومت کو سخت تنقید کا سامنا ہے، عوام کا کہنا ہے کہ حکومت یکے بعد دیگرے ہم پر مہنگائی کا بوجھ ڈال رہی ہے جو ناقابل برداشت ہے