سرگودھا( آن لائن) ایف آئی اے کی مبینہ ملی بھگت سے انٹر پول کے ذریعے پاکستان لایا جانے والا ملزم فرار ، دو اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے سرگودھاپولیس نے فرار ملزم کا ریکارڈ طلب کر لیا تفصیلات کے مطابق فیکٹری ایریا سرگودھا میں 2015 میں ملزم رانا شاہد نے لین دین کے تنازعہ پرنوجوان کو قتل کیا اور بیرون ملک فرار ہو گیا تھا
لواحقین کی درخواست پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے اس کے ریڈ وارنٹ جاری کرائے انٹر پول پولیس نے دبئی سے اشتہاری رانا شاہد کو گرفتار کرکے پاکستانی حکام کو رپورٹ کی جس پر ایف آئی اے حکام نے تھانہ فیکٹری ایریا پولیس کو ملزم کی گرفتاری کے بارے میں آگاہ کرنے کے ساتھ فلائٹ نمبر0321WY کا بھی بتایا اور بتایا کہ یہ فلائٹ لاہور ایئر پورٹ پر اترے گی لیکن سرگودھا پولیس جب لاہور ایئر پورٹ پر پہنچی تو پولیس کو معلوم ہوا کہ یہ فلائٹ تو لاہور آتی ہی نہیں یہ مستقل طو رپر کراچی سے دبئی اور دبئی سے کراچی کے درمیان چلنے والی فلائٹ ہے سرگودھا پولیس نے دوبارہ ایف آئی اے حکام اور کراچی ایئر پورٹ پر رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ یہ فلائٹ پہنچ چکی ہے اور ملزم رانا شاہد سمیت تمام افراد جا چکے ہیں جس پر تھانہ فیکٹری ایریا پولیس نے ایف آئی اے حکام کو تمام حالات سے آگاہ کیا تو ایف آئی اے حکام نے معاملہ کی چھان بین کرنے کے بعد کراچی میں دو اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا اور معاملہ کی مزید چھان بین بھی شروع کر دی ایف آئی اے حکام نے سرگودھا پولیس نے ملزم رانا شاہد اور اس کے خلاف درج ایف آئی آر سمیت دیگر تفصیلات طلب کر لیں ۔ ایس ایچ او فیکٹری ایریا دوست محمد کے مطابق ایف آئی اے حکام معاملہ کی چھان بین کررہے ہیں انہوں نے مزید بتایا کہ ملزم رانا شاہد بااثر شخص ہے جس کی وجہ سے یہ ایف آئی اے حکام کو چکمہ دیکر فرار ہو گیا تاہم جلد ہی اس کی گرفتاری عمل میں لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کی طرف سے مانگا گیا تمام ریکارڈ بھی جلد فراہم کیا جائیگا تاکہ ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی جا سکے ۔