اسلام آباد(آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی نے ریڈیو پاکستان کی عمارت لیز پر دینے کی شدید مخالفت کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لیز معاہدہ ختم کیا جائے اور ریدیو کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے استوار کیا جائے تاکہ پاکستان کے اندر اور باہر ریڈیو پاکستان قومی سلامتی کے تحفظ کو یقینی بنانے میں کردار ادا کر سکے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی ترجمان ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ پاکستان ریڈیو کی بلڈنگ کو لیز پر دینا قابل قبول نہیں ہے۔ یہ ریاست کی
ملکیت اور قومی ورثہ ہے ۔ اس کا افتتاح 1972شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کیا تھا۔ ریڈیو پاکستان قوم کی آواز ہے مگر تحریک انصاف کو اس کی اہمیت کا علم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹور اس کے بعد وزیراعظم ہاؤس اور اب اس ادارے کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ وزارت اطلاعات اس بلڈنگ کو محفوظ کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت نہ صرف اس فیصلے کو واپس لے بلکہ ریڈیو کو بھی جدیدٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لئے اقدامات کرے۔