سیالکوٹ ( آئی این پی )بھارتی آبی جارحیت کا سلسلہ پانچویں روز بھی جاری، دریائے چناب میں پانی کی آمد بدستور 14 ہزار871 کیوسک ریکارڈ۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بگلہیار کے مقام پر دریائے چناب کا 55ہزار کیوسک پانی پانچویں روز بھی روکے رکھا جس کی بناء پر ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب، جموں توی، مناوری توی میں پانی کی آمد 20ہزار کیوسک جبکہ ہیڈ خانکی کیلئے اخراج 6ہزار کیوسک ،نہر مرالہ راوی لنک
بد ستور بند، نہر اپر چناب کو 18ہزار کی بجائے 14ہزار کیوسک پانی کی فراہمی، ہیڈ مرالہ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پانی کی آمد یک لخت کم ہونا بھارتی سازش ہے جس کی بناء پر ہیڈمرالہ، ہیڈ خانکی، ہیڈ رسول، ہیڈ تریموں سے برآمد ہونے والی تمام نہروں کو پانی کی شدید قلت کے باعث بند کردیا گیا ہے۔ اور دریائے راوی کو پانی کی عدم فراہمی سے جنوبی پنجاب کے متعدد اضلاع خشک سالی کا شکار ہو جائیں گے اور وہاں پر بوئی گئی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ئیگا۔