اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے اسحاق ڈار کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزکے چیئرمین بورڈ آف گورنر کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں آج یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزسے متعلق ازخودنوٹس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں بنچ نے کی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے دوران سماعت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزکے بورڈ آف گورنرزکے چیئرمین اسحاق ڈارملک سے فرارہیں اور
عدالت اسحاق ڈارکواشتہاری قراردے کرریڈ وارنٹ جاری کرچکی، بورڈ آف گورنرزکے چیئرمین کی عدم موجودگی میں بورڈغیرفعال ہے۔یوایچ ایس کے بورڈآف گورنرزکی میٹنگ ہر2سال بعدہونی چاہیے جبکہ 2016 سے اب تک کوئی اجلاس نہیں ہوا۔عدالت نے اسحاق ڈارکوچیئرمین بورڈ آف گورنرکے عہدے سے ہٹانے کاحکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ پنجاب حکومت 3 روزکے اندریونیورسٹی کے نئے چیئرمین کوتعینات کرے۔سپریم کورٹ نے وزارت خارجہ اوردیگرفریقین سے بھی جواب طلب کرلیاہے۔