لاہور (آن لائن) پنجاب حکومت نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کا ترمیم شدہ تخمینہ منظور کرتے ہوئے فنڈز جاری کر دیئے ہیں، بتایا گیا ہے کہ اورنج لائن ٹرین منصوبے کی لاگت میں 15 ارب 16 کروڑ اور 45 لاکھ روپے کا مزید اضافہ کر دیا گیا ہے، ترمیم شدہ تخمینہ 180 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے جبکہ اس سے قبل اورنج لائن ٹرین منصوبے کا حتمی تخمینہ 165 ارب روپے تھا، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ
صوبے کی ترمیم شدہ لاگت کی منظوری صوبائی محکمہ ترقیاتی بورڈ نے دے دی ہے، لاگت بڑھنے کی وجہ منصوبے کے ایکنک ڈیزائن میں تبدیلی بتائی گئی ہے جبکہ منصوبے کے سول ورک کی لاگت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے، جو 677 ملین روپے سے زائد تک پہنچ گیا ہے، اورنج لائن ٹرین منصوبے تاخیر کا شکار ہونے کے باعث مکمل ہونے کی بجائے مزید مہنگا ہو کر رہ گیا ہے۔