اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی ڈیم فنڈ کیلئے اپیل کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی کابینہ نے ایک ماہ کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے ڈیم فنڈ کیلئے اوورسیز پاکستانیوں اور پاکستانی قوم سے ڈیم فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور عطیات جمع کرانے کی اپیل کی تھی۔ وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر چیف جسٹس آف پاکستان کو ڈیم فنڈ قائم کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت چیف جسٹس
کے اس اقدام پر قدم سے قدم ملا کر چلنا چاہتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے چیف جسٹس کے ڈیم فنڈ کیساتھ جوائنٹ وزیراعظم فنڈ قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئےاس فنڈ کا نام وزیراعظم، چیف جسٹس ڈیم فنڈ کا اعلان کیا ۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور ان کی کابینہ بھی سامنے آگئی ہے اور انہوں نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ڈیم فنڈمیں بڑھ چڑھ کرحصہ لیناچاہیے،ہم عمران خان کے 100 روزہ پلان پرعملدرآمدکریں گے۔