اسلام آباد (این این آئی)احتساب عدالت نے نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر پر تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر قانون بابر اعوان کو 18 ستمبر کو طلب کر لیا۔احتساب عدالت نے نندی پور پاور پراجیکٹ میں نیب کی جانب سے ریفرنس دائر کرنے پر بابر اعوان اور دیگر ملزمان کی طلبی کے سمن جاری کیے ہیں۔نندی پور ریفرنس میں مجموعی طور پر 7 ملزمان کو طلب کیا گیا ہے جن میں سابق سیکریٹری قانون مسعود چشتی اور ریاض کیانی بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ نندی پور منصوبے کی تاخیر سے قومی خزانے کو 27 ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا تھا۔گزشتہ روز نیب کی جانب سے منصوبے میں تاخیر پر سابق وفاقی وزیر قانون بابر اعوان کے خلاف کرپشن کا ریفرنس دائر کیا گیا تھا ٗنیب کی جانب سے کرپشن کا ریفرنس دائر ہونے پر بابر اعوان نے بطور مشیر پارلیمانی امور وزیرکے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا۔نندی پور پاور پراجیکٹ میں نیب نے سابق وزیر پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف کو بھی نامزد کیا ہے۔