کراچی (این این آئی) سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ آصف علی زردای نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن میرے بھائی اور دوست ہیں ،ان سے میرا بہت گہر ارشتہ ہے لیکن یہ رشتہ پیپلز پارٹی کے ساتھ قائم رشتے سے زیادہ مضبوط نہیں جبکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واضح طور پر ایک مرتبہ پھر اس بات کو دہرایا ہے کہ صدارتی الیکشن میں پیپلز پارٹی کا پہلا، دوسرا اور تیسرا انتخاب صرف اعتزاز احسن ہی ہیں جنہوں نے پارٹی کے لئے گراں قدسر خدمات انجام دیں،
آئندہ صدارتی الیکشن میں نہ صرف پیپلز پارٹی کے ارکان بلکہ ہمارے سیاسی مخالفین بھی انہیں ووٹ دیں گے۔پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت کی جانب سے یہ بات 4ستمبر کو ہو نے والے صدارتی الیکشن کے سلسلے میں ہفتہ کی شام چیف منسٹر ہاؤس کراچی کے بنکوئٹ ہال میں ہونے والے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس کی مشترکہ طور پر صدارت آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے کی جس میں پیپلز پارٹی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ مشاورتی اجلاس میں صدارتی امیدوار چوہدری اعتزاز احسن ،وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سابق وزیر اعلی سید قائم علی شاہ، قمرالزماں کائرہ، چوہدری منظور اور دیگر نے بھی موجود تھے۔ سابق صدر آصف علی زردای نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اعتزاز احسن میر ے پرانے دوست اور ساتھ ہیں،ان کا وہ تاریخی جملہ مجھے آج بھی یاد ہے جب بے نظیر بھٹو شہید کی حکومت کو غلام اسحاق کی جانب سے برطرف کیا گیا تو اعتزاز نے کہا تھا کہ یہ بے نظیر بھٹو کا ٹرائل نہیں بلکہ میں غلام اسحاق کاٹرائل کروں گا اور بعد میں اعتزاز نے یہ کام کرکے بھی دکھایا۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن میرے بھائی اور دوست ہیں ،ان سے میرا بہت گہر ارشتہ ہے لیکن یہ رشتہ پیپلز پارٹی کے ساتھ قائم رشتے سے زیادہ مضبوط نہیں۔۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہاعتزاز احسن کو آصف علی زرداری نے نامزد کیا ہے یہ بات پہلے ہی واضح کردی تھی کہ
اعتزاز احسن ہی پیپلز پارٹی کے پہلے، دوسرے اور تیسر ے بھی امیدوار ہیں اور کوئی نہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ اعتزاز احسن شہید ذوالفقار علی بھٹو، بی بی شہید اور ہمارے ساتھ کام کررہے ہیں وہ پیپلز پارٹی کا ایک قیمتی سرمایہ ہیں اور ہمارے امیدوار کو مخالفین بھی ووٹ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جڑیں عوام میں بہت گہری ہیں اور وہ عوام کے مفادات کے تحفظ کے لئے سیاست کرتی ہے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن نے کہا کہ پاکستان میں جدید جمہوری سیاست کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی وہ اسی سیاست کے باعث ملک کے ایک مقبول عوامی لیڈر بنے، قوم بھٹو کی آواز پر اٹھ کھڑی ہوتی تھی، بھٹو کا مشن شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے آگے بڑھایا اور زرداری صاحب نے بی بی کی شہادت کے بعد پارٹی کو یکجا رکھا انہوں نے کہا کہ میں زرداری صاحب کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے عہدہ صدارت پر نامزد کیا۔اجلاس میں پیپلز پارٹی نے آئندہ صدارتی الیکشن کے حوالے سے اپنے پارلیمانی ارکان کو اپنی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔