لاہور ( نیوز ڈیسک)صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایم ایس صاحبان کوہدایت کی ہے کہ 15روز کے اندر پنجاب بھر کے تحصیل اور ضلع ہسپتالوں کی ایمرجنسیوں میں طے کردہ طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، محکمہ صحت میں بھرتیوں اور ترقیوں پر میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے
انہوں نے کہا کہ طبی سہولیات کی فراہمی میں چھوٹے یا بڑے شہر کی کوئی تفریق نہیں ہونی چاہیئے۔ صوبہ بھر میں ٹی ایچ کیو اور ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کے اہداف مقررہ وقت میں حاصل کئے جائیں۔ وزیرصحت نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ضروری ادویات دستیاب ہیں ۔کسی جگہ پر بھی ادویات کی کمی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ آبادی پر کنٹرول کیلئے فیملی پلاننگ پروگرام پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کیا جائے۔ متعدی یا خطرناک بیماریوں کے تدارک کیلئے عوامی آگاہی مہم مئوثر انداز میں چلائی جائے۔انہوں نے کہا کہ ’روبو کال‘ شہریوں کو طبی مشوروں کی فراہمی کی ایک اچھی سروس ہے۔ اردو کے ساتھ پنجابی اور سرائیکی زبان میں بھی ’روبوکال سروس ‘ کا آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ ’روبوکال‘ میں بولنے کی رفتار کم رکھی جائے تاکہ شہریوں کو آسانی سے مشورے سمجھ آسکیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے بعض ہسپتالوں میں مریضوں سے بدتمیزی کے واقعات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہسپتالوں کا عملہ مریضوں یا ان کے رشتہ داروں سے اچھا سلوک کرے یا اپنے لئے کوئی ملازمت ڈھونڈ لے۔ سرکاری ہسپتالوں پر عوام کا اعتماد بڑھانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری (ٹیکنیکل) ڈاکٹر یداللہ نے جھنگ میں خسرے کی وبا پھیلنے سے متعلق رپورٹ بھی وزیر صحت کو پیش کی۔