اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے عوام سے کیے گئے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ میں وزیراعظم ہاؤس کے بجائے ملٹری سیکرٹری کے گھر جو کہ تین کمروں پر مشتمل ہے اس میں رہوں گا، عمران خان کے اس فیصلے کو بہت پذیرائی حاصل ہوئی، لیکن پھر سوشل میڈیا پر کچھ تصاویر سامنے آئیں، جن میں یہ ظاہر کیا گیا کہ عمران خان ملٹری سیکرٹری کے گھر نہیں بلکہ وزیراعظم ہاؤس میں ٹھہرے ہوئے ہیں۔ ایسا ہی ایک ٹویٹ ایک صحافی عمر قریشی نے کیا جس میں ایک طرف سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی تصویر اور دوسری جانب موجودہ وزیراعظم
عمران خان کی تصویر تھی، انہوں نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں کنفیوژن کا شکار ہوں، کیا نواز شریف نے بھی ملٹری سیکرٹری کے گھر رہائش اختیار کی تھی؟ ان کے اس ٹویٹ کے جواب میں ایک اور صحافی وجاہت سعید خان نے کہا کہ بھائی حوصلہ کریں، کنفیوژ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، یہ وزیراعظم سیکرٹریٹ میں موجود وزیراعظم آفس ہے۔ یہ وزیراعظم ہاؤس یا ملٹری سیکرٹری کا گھر نہیں ہے، آپ کو یہ جان کرخوشی ہو گی کہ سابق وزیراعظم کے مطابق یہ لال رنگ کے تھیم کا انتخاب شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے ہی کیا تھا۔