کابینہ کے پہلے ہی اجلاس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی وجہ کیا تھی؟ خورشید شاہ نے بڑا دعویٰ کردیا اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے ہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ کابینہ کے پہلا اجلاس میں
سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنا سیاسی انتقام لگتا ہے ٗ حکومت نے اگر اسی طرح جارحانہ سیاسی طرز عمل جاری رکھا تو حکومت کا چلنا مشکل ہو جائے گا۔ایک انٹرویومیں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت جو اچھا کام کریگی اسکی حمایت کریں گے،پیپلز پارٹی نے کبھی مخالفت برائے مخالفت کی سیاست نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اگر اسی طرح جارحانہ سیاسی طرز عمل جاری رکھا تو حکومت کا چلنا مشکل ہو جائے گا۔خورشید شاہ نے کہا کہ کابینہ کے پہلے ہی اجلاس میں سیاسی مخالفین کا نام ای سی ایل میں ڈالنا بظاہر سیاسی انتقام لگتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صدارتی امیدوار کا باضابطہ اعلان اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے باہمی مشاورت کے بعد کیا جائیگا،صدارتی الیکشن اگر اپوزیشن نے ساتھ مل کر لڑا تو حکومت کو ٹف ٹائم دے سکتے ہیں ،پیپلز پارٹی نے ابھی اعتزاز احسن کو باضابطہ صدارتی امیدوار نامزد نہیں کیا ان کے نام پر صرف پارٹی میں مشاورت ہوئی۔