نئی دہلی(نیوز ڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے گلے ملنے پر نوجوت سنگھ سدھو کے خلاف بھارت کی مقامی عدالت میں غداری اور ملکی فوج کی توہین کے الزام میں مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایڈوکیٹ سدھیر کمار اوجھا نے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ ہری پرساد کی عدالت میں سابق بھارتی کرکٹر اور موجودہ وزیر نوجوت سنگھ سدھو کے خلاف اشتعال انگیزی، غداری اور فوج کی توہین کی الزامات کے تحت مقدمہ درج کرایا ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستان کے آرمی چیف کو گلے لگایا جبکہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوجیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سدھو کے اس عمل سے بھارتی عوام اور فوجیوں کے لواحقین صدمے کی کیفیت میں ہیں۔مجسٹریٹ ہری پرساد نے درخواست کو منظور کرتے ہوئے سماعت کے لیے 24 اگست مقرر کردی ہے۔ مقدمہ بھارتی آئین کی دفعات 500، 124- اے اور 153- بی کے تحت درج کیا گیا ہے جس کی سزا دو سے تین سال کی قید ہو سکتی ہے۔