اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کے اپوزیشن لیڈر منتخب ہونے کا اعلان کر دیا جسکا قومی اسمبلی سیکر ٹریٹ نے باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔پیر کو ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق سپیکر اسد قیصر نے قومی اسمبلی قواعد و ضوابط2007کے رول39کے تحت اپوزیشن لیڈر کا اعلان کیا جس کے مطابق مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کواپوزیشن لیڈر مقرر کیا گیا ہے۔اس قبل اپوزیشن جماعتوں کے111ارکان نے شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر مقرر کرنے
کی سفارش کی تھی جبکہ اتوار کو پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی سپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا تھا جس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کیلئے شہباز شریف کی باضابطہ طور پر حمایت کی تھی ۔خط کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، خورشید شاہ اور راجہ پرویز اشرف کے دستخط کے ساتھ جمع کروایا گیا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن کی بڑی جماعت کی حیثیت میں قائدِ حزب اختلاف کے عہدے پر ن لیگ کا حق ہے، پیپلز پارٹی قائدِ حزب اختلاف کی نامزدگی پر شہباز شریف کی حمایت کرتی ہے۔