ڈیرہ اسماعیل خان /چکوال(آئی این پی)متحدہ مجلس عمل اور جے یو آئی (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ25جولائی کے انتخابات جمہوریت اور انتخابات کے نام پر ایک بڑا ڈاکہ ہے اور ملک کے22کروڑ عوام اس ڈاکے کو تسلیم نہیں کریں گے اور موجودہ حکومت کے پاس کوئی عوامی مینڈیٹ نہیں بلکہ اس کو زبردستی عوام پر مسلط کیا گیا ہے۔ وہ پیر کو پیر عبدالشکور نقشبندی کی قیادت میں ملنے والے 22رکنی وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔
اس موقع پر سابق وفاقی وزیر اکرم درانی بھی موجود تھے۔ وفد میں صاحبزادہ مولانا عمر فاروق، صاحبزادہ عبدالمنان اور سید حسن شیراز بھی شامل تھے۔اس موقع پر پیر عبدالشکور نقشبندی نے مولانا فضل الرحمن کو چکوال میں نو ستمبر کو ہونے والی شہید ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا کہ گستاخانہ خاکوں کیخلاف عوام کا غیض و غضب بڑھ رہا ہے لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ وہ اس ضمن میں سنجیدہ اقدامات کرے۔