اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اسد قیصر اور پرویز خٹک نے صوبائی اسمبلی کی نشستیں چھوڑ دیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے سپیکر کے امیدوار اسد قیصر اور سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے صوبائی اسمبلی کی نشستیں چھوڑ دی ہیں۔ عمران خان کی جانب سے اسد قیصر کو اسپیکر قومی اسمبلی نامزد کیا گیا ہے اور وہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ دور حکومت میں صوبائی اسمبلی کے سپیکر تھے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کو وفاقی وزیر داخلہ بنائے جانے کا امکان ہے۔قومی اسمبلی کیلئے پی ٹی آئی کی جانب سے نامزد سپیکر اسد قیصر نے بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اہم عہدے پرفائزکیا جارہا ہے،عمران خان کا شکریہ ادا کرنا چاہ رہا ہوں،پارٹی نے مجھ پراعتماد کا اظہارکیا ہے،اپنی لیڈرشپ کومایوس نہیں کروں گا،سپیکرکا کام ہوتا ہے اپوزیشن کوبھی ساتھ لے کرچلے،ہماری کوشش ہوگی کہ قانون سازی میں تمام اسٹیک ہولڈرکوساتھ لے کرچلیں،اپوزیشن کویقین دہانی کراتا ہوں اسمبلی کومشترکہ طورپرچلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن کومیرٹ پروقت دیں گے،پارٹی رہنماؤں میں کوئی اختلاف نہیں،محمود خان،پرویزخٹک،عاطف خان ہم سب عمران خان کے ساتھ ہیں، ہم مل کراپنے ملک اورعوام کیلئے کام کریں گے،پاکستان کواندرونی وبیرونی چیلنجزکاسامناہے،قومی اسمبلی میں ہمارے ارکان کی تعداد180ہے اور ہم حکومت بنانے کی پوزیشن کو مستحکم کر چکے ہیں۔دوسری جانب عمران خان کے قریبی ساتھی عاطف خان نے خیبرپختو نخو ا میں محمود خان کی بطور وزیراعلیٰ نامزدگی کا عمران خان کا فیصلہ تسلیم کرلیاہے۔ عاطف خان کے قریبی رشتے دار اور سابق سینئر وزیر شہرام ترکئی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور محمود خان سے کل میری اور عاطف خان کی ملاقات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور محمود خان کو بتاچکے ان کیساتھ مل کر کام کریں گے، وزارت اعلیٰ کے معاملے پر عمران خان کا ہر فیصلہ قبول کریں گے، پارٹی میں گروپ بندیوں کے قائل نہیں ہیں، ہم پر واضح کیا گیا کہ محمود خان عمران خان کا امیدوارہے کسی اور کا نہیں، معاملات طے ہوچکے جس نے وفاق میں جانا تھا چلاگیا۔شہرام ترکئی نے کہاکہ پرویز خٹک کے ساتھ پانچ سال ڈٹ کرکام کیا، ثابت کیا کہ ہم کام کرنے والے لوگ ہیں۔