اسلام آباد (این این آئی) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں ایک سے زائد نشستوں پر کامیاب ہونے والے امیدواروں کو بقایا نشستوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت جاری کردی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں امیدواروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایک سے زائد نشستوں پر کامیاب امیدوار کو ایک نشست رکھنا ہوگی اور حلف اٹھانے سے قبل بقایا نشستوں سے استعفیٰ دینا پڑے گا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا کہ
چھوڑنے والی نشست کا استعفیٰ الیکشن کمیشن میں جمع کرانا ہوگا جو چیف الیکشن کمشنر کے نام لکھنا ہوگا۔واضح رہے کہ عام انتخابات میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان بھی 5 نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں جن میں این اے 53 اسلام آباد، این اے 131 لاہور، این اے 95 میانوالی، این اے 243 کراچی اور این اے 35 بنوں شامل ہیں جب کہ چیئرمین تحریک انصاف نے میانوالی کی نشست رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔