اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں قائم الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مرکزی دفتر کے باہر احتجاج کے دوران سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی جانب سے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان اور ریاستی اداروں کے نمائندوں کیخلاف نعرے بازی کرنے پر ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔اس کے علاوہ پولیس کی جانب سے انسداد دہشتگردی ایکٹ کی شق 7 کے تحت کچھ سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ٗپولیس کی جانب سے مقدمے کے اندراج کے بعد 2 نامزد ملزمان میں سے
ایک کو گرفتار کرلیا گیا ٗ ویڈیو کے ذریعے نعرے بازی میں ملوث دیگر افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔خیال رہے کہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف حالیہ قائم ہونے والے 11 جماعتی گرینڈ اپوزیشن الائنس کے تحت بدھ کو الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج کیا گیا تھا۔اس احتجاج میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، پاکستان مسلم لیگ (ن)، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)، قومی وطن پارٹی، پختونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ)، نینشل پارٹی اورمتحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے)میں شامل 5 مذہبی جماعتیں شامل تھیں۔