لاہور(این این آئی )ملک میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز (پیر )کوڈالر دوبارہ مہنگا ہونا شروع ہو گیاہے اور انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 18 پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 50 پیسے بڑھ گئی۔سٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا ۔ٹریڈنگ کے دوران ڈالر 124 روپے 50 پیسے تک فروخت ہوا تاہم کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 18 پیسے کے اضافے سے 124 روپے 22
پیسے رہی جبکہ برطانوی پونڈ اور یورو کی قدر میں روپے کے مقابلے میں 32 پیسے تک کمی رکارڈ کی گئی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر اور دیگر کرنسیاں انٹر بینک سے سستی بک رہی ہیں ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 50 پیسے کے اضافے سے 123 روپے 50 پیسے ہو گئی، برطانوی پونڈ 2 روپے سستا ہو کر 160 روپے کا ہو گیاجبکہ یورو کی قیمت فروخت 142 روپے برقرار رہی۔