اسلام آباد (آئی این پی ) پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر جین فرانکوائس کوٹین نے بنی گالا میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اور پارٹی کی عام انتخابات 2018ء میں پارٹی کی شاندار کامیابی پر مبارک باددی ‘اس دوران باہمی تعلقات کو مزید بہتر بنانے اور تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیاگیا ۔ پیر کو پاکستان میں یورپین یونین کے سفیر جین فرانکوائس کوٹین نے یہاں بنی گالا میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں تحریک انصاف کی عام انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارک باددی ۔ انہوں نے اس امید کا
اظہار کیا ہے کہ عمران خان کی سربراہی میں قائم ہونے والی تحریک انصاف کی نئی حکومت باہمی تعلقات کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ تمام ممالک کے باہمی تعلقات کا فروغ اور تجارتی روابط کو نئی بلندیوں تک لے جانا اُن کی حکومت کی اولین ترجیح ہو گی جس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان یورپین یونین کے ساتھ باہمی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا اور انہیں مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔