اسلام آباد( آئی این پی ) الیکشن کمیشن عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن( آج) جاری کرے گا،الیکشن کمیشن نے 840 میں سے 820 قومی اور صوبائی اسمبلی کے نومنتخب ممبران کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن تیار کرلئے ، تاہم 22 قومی و صوبائی حلقوں کے کامیابی کے نوٹیفیکیشن جاری نہ ہونے کا امکان ہے،18 قومی و صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کے کیسز عدالتوں میں زیر التوا ہیں۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن( آج) جاری کرے گا ، جس کے بعد آزاد حیثیت سے کامیاب امیدواروں کے پاس تین روز کا وقت ہو گا کہ وہ اگر کسی پارٹی میں شامل ہونا چاہتے ہیں تو شامل ہو جائیں جس کی بنیاد پر 11 اگست تک خواتین اور غیر مسلموں کی مخصوص نشستوں سے کامیاب امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا ۔ اس نوٹیفکیشن کے بعد صدر پاکستان اور گورنرز قانون کے مطابق اسمبلیوں کے اجلاس طلب کریں گے،الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کرنے کی تیاریاں مکمل کرلیں ہیں ،ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے 840 میں سے 820 قومی اور صوبائی اسمبلی کے نومنتخب ممبران کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن تیار کرلئے ہیں تاہم22 قومی و صوبائی حلقوں کے کامیابی کے نوٹیفیکیشن جاری نہ ہونے کا امکان ہے ، ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے 8 اور صوبائی اسمبلیوں کے 12 حلقوں کے نوٹیفیکیشن جاری نہ ہونے کا امکان ہے،18 قومی و صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کے کیسز عدالتوں میں زیر التوا ہیں اور عدالت نے بعض حلقوں کے امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری نہ کرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔ذرائع کے مطابق کہ پرویز خٹک کی کامیابی والے تین حلقوں کا نوٹیفیکیشن الیکشن کمیشن میں زیر سماعت کیس کے فیصلے سے مشروط ہیں جبکہ الیکشن کمیشن نے عدالتی اسٹے آرڈر والے حلقوں کی تفصیلات صوبائی الیکشن کمشنرز سے مانگ لیں ہیں،
این اے 90،91، 108،106،این اے 112۔ این اے 131۔ این اے 140 اور این اے 215 کے کیسز زیر التوا ہیں اسی طرح پنجاب اسمبلی کے 8 حلقوں میں سے پی پی 17۔76۔ 91۔ 118پی پی 123۔ پی پی 128۔ پی پی 129 اور پی پی 177 کے نتائج کے خلاف عدالتوں سے رجوع کیا گیا ہے جبکہ پی کے 32 اور پی ایس 48 کے کیسز بھی عدالتوں میں ہیں، الیکشن کمیشن کی جانب سے پی بی41 کا نوٹیفیکیشن بھی روکا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے عدالتوں سے فیصلوں کے بعد کامیابی کے نوٹیفیکیشن جاری کیے جانے کا امکان ہے جبکہ الیکشن کمیشن ( آج) باقی 820 حلقوں سے کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کردے گا۔