اسلام آباد (آ ئی این پی) سرکاری محکموں میں عیدالاضحی کے موقع پر 4 چھٹیاں دینے کیلئے وزارت داخلہ کو سمری ارسال کردی گئی ہے،نجی ٹی وی کے مطابق وزارت داخلہ کو جو سمری روانہ کی گئی ہے اس میں 4 سرکاری تعطیلات دینے کی سفارش کی گئی ہے جس میں 21-22-23-24 اگست شامل ہیں تاکہ سرکاری ملازمین احسن طریقہ سے عید مناسکیں تاہم حتمی فیصلہ وزارت داخلہ نے کرنا ہے اس سلسلہ میں سرکاری ملازمین نے پورا ہفتہ چھٹیاں منانے کیلئے پر تولنا شروع کردیئے ہیں ۔اگر وزارت داخلہ 21 سے 24 اگست تک
چھٹیوں کا اعلان کرتا ہے تو 20 تاریخ کو سوموار ہے اور 25 اگست کو ہفتے کا دن بنتا ہے وفاقی محکموں میں ہفتہ اتوار ویسے ہی چھٹی ہوتی ہے اس طرح وفاقی محکموں کے ملازمین 20 اگست کو چھٹی کرکے پورا ہفتہ چھٹیوں کے مزے لوٹیں گے ،.اگر سرکاری ملازمین سوموار اور ہفتہ کی چھٹی کرتے ہیں تو اس طرح وہ مجموعی طور پر وہ 9 چھٹیاں کرینگے اس کے برعکس صوبائی محکموں کے ملازمین 8 چھٹیاں کرسکیں گے اگر انہوں نے سوموار اور ہفتہ کی چھٹی کی اس عید پر سرکاری ملازمین کی موجیں ہی موجیں ہونگی۔